تہران29مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایران میں معتدل مزاج قدامت پسند رہ نما علی لاریجانی کو اتوار کے روز ایک بار پھر مجلس شوری (پارلیمنٹ)کا اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رائے شماری کے دوران لاریجانی کو 173ووٹ ملے جب کہ ان کے اصلاح پسند حریف محمد رضا عارف 103ووٹ حاصل کر سکے۔اسپیکر کے انتخاب کے لیے مذکورہ رائے شماری قانون ساز انتخابات کے بعد عمل میں آئی ہے۔ انتخابات کے ذریعے سیاسی قوتوں کا از سر نو توازن قائم ہو گیا ہے جس میں ایک طرف قدامت پسند اور دوسری جانب صدر حسن روحانی کے زیرقیادت اتحاد بنانے والے اصلاح پسند اور اعتدال پسند ہیں۔ تاہم اس توازن کے باوجود آخر الذکر پارلیمنٹ کے اسپیکر کا منصب حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔